خیبرپختونخوا: بھارتی حمایت یافتہ13 دہشت گرد ہلاک

سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائیاں کیں:آئی ایس پی آر
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف دو مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 خوارج کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع لکی مروت کے علاقے پہاڑ خیل میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مشترکہ کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 10 خوارج مارے گئے اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو کلیئر کرتے ہوئے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا۔ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر دوسری کارروائی ڈیرہ اسماعیل خان میں کی گئی جہاں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد بھارت کی سرپرستی میں سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں پر حملوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔