پیکٹا :درسی کتب کے ٹینڈرز میں پول ہونیکاانکشاف

ٹینڈرز میں حصہ لینے سے روکنے کیلئے ٹیکنیکل بڈز میں ڈس کوالیفائی کیاگیا
 پیکٹا میں تمام افسران کو میرٹ پر بھرتی کیا جاتا :ترجمان وزارت تعلیم 
لاہور(کرائم رپورٹر)پیکٹا کی جانب سے تعلیمی سال 2026,27 کے لیے درسی کتب کے ٹینڈرز میں شعبہ پرکیورمنٹ کے افسران ،پبلشرز اور پرنٹروں کی ملی بھگت سے پول ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ افسران کے دبائو کے باوجود پول نہ کرنے والے پبلشروں کو ٹینڈرز میں حصہ لینے سے روکنے کے لیے ٹیکنیکل بڈز میں معمولی اعتراضات لگا کر ڈس کوالیفائی کرنے کا بھی انکشاف ہوا۔ ان ٹینڈرز میں وہی طریقہ کار اپنایا گیا ہے جس پر عمل کرتے ہوئے سابق وزیر تعلیم مراد راس کے دور میں درسی کتب کی اشاعت کے اخراجات 15 ارب روپے سے بھی تجاوز کر گئے تھے۔ درسی کتب کے ٹینڈرز انہیں افسران اختر بٹ اور فیصل اسد کی نگرانی میں ہو رہے ہیں۔ فیصل اسد ایڈیشنل چارج پر ڈائریکٹر پرکیورمنٹ ہیں اختر بٹ ڈپٹی ڈائریکٹر ہیں۔جن پبلشرز اور پرنٹروں کو تعلیمی سال 2026,27 کی درسی کتب کے ٹینڈرز کے لیے نا اہل کیا گیا ہے، ان میں عثمان مجید پرنٹرز ،ملک ہائوس ،نقوی برادرز ،منیر کاپی ہائوس ،کتب خانہ خورشیدیہ ، مٹھو پرنٹرز ، سعید بک سنٹرز ، شیخ شوکت علی اینڈ سنز شامل ہیں ،ان میں سے اکثر پبلشرز اینڈ پرنٹرز فیلڈ رپورٹ کے مطابق ٹینڈرز کے لیے کوالیفائی کر گئے تھے لیکن بعد ازاں ان معمولی نوعیت کے اعتراضات لگا کر ڈس کوالیفائی کر دیا گیا۔ترجمان وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ پیکٹا میں تمام افسران کو میرٹ پر بھرتی کیا جاتا ہے۔