اسلام آباد: دسمبر تک 30 مفت وائی فائی ہاٹ اسپٹس فعال کرنے کا منصوبہ

اسلام آباد: دسمبر تک 30 مفت وائی فائی ہاٹ اسپٹس فعال کرنے کا منصوبہ

اسلام آباد میں عوامی انٹرنیٹ تک رسائی بہتر بنانے کے لیے حکومت نے دسمبر 2025 تک 30 مفت وائی فائی ہاٹ اسپٹس فعال کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔

قومی ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (NTC) نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے اور مقررہ مدت میں ہاٹ اسپٹس فعال کر دیے جائیں گے۔منصوبے کے تحت وفاقی دارالحکومت کے اہم مقامات، مرکزی مارکیٹس، عوامی مقامات اور سرکاری عمارتوں میں ہاٹ اسپٹس نصب کیے جائیں گے تاکہ شہریوں، طلبہ اور ملازمین کو ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ تک آسان رسائی مل سکے۔این ٹی سی نے مزید بتایا کہ وہ اس وقت ملک کے 100 سے زائد شہروں میں 3 ہزار سے زیادہ سرکاری اور نجی اداروں کو انٹرنیٹ، کمیونیکیشن اور سائبر سیکیورٹی خدمات فراہم کر رہی ہے۔

حکام کے مطابق یہ منصوبہ اسلام آباد کو ٹیکنالوجی فرینڈلی شہر بنانے اور ڈیجیٹل خدمات کی وسعت بڑھانے کی جانب اہم قدم ثابت ہوگا۔ سی ڈی اے کی ٹیکنیکل ٹیم منصوبے کی تکمیل میں این ٹی سی کی مکمل معاونت کرے گی، جبکہ سسٹم کا آپریشن اور مینٹیننس این ٹی سی کے سپرد ہوگا۔مستقبل میں اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا مکمل ’’فری وائی فائی سٹی‘‘ بنانے کا ہدف بھی رکھا گیا ہے۔