عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا کہ وہ انٹرویوز کے لیے بھاری معاوضہ طلب کرتے ہیں۔
عاطف اسلم نے حال ہی میں ایک پروگرام میں پہلی بار کھل کر اس تاثر پر بات کی اور کہا:"اگر کوئی کہتا ہے کہ میں بھاری رقم مانگتا ہوں، تو اس کا مطلب ہے کہ وہ مجھے اپنے شو میں بلانا چاہتا ہے۔ اللہ نے مجھے بہت عزت دی ہے۔ کبھی مصروفیات کی وجہ سے نہیں جا پاتا، مگر پھر بھی طرح طرح کی باتیں سننی پڑتی ہیں۔ میں اس پر معذرت خواہ نہیں ہوں۔"گلوکار نے مزید کہا کہ انہوں نے انڈسٹری میں طویل عرصہ گزارا ہے اور لوگوں کے رویوں کو قریب سے دیکھا ہے:"لوگ اچھے تب تک ہوتے ہیں جب تک ان کا شو مکمل نہ ہو جائے۔ اسے ہر بار تکبر کا نام نہیں دیا جا سکتا اور تکبر انسان پر جچتا بھی نہیں۔"
عاطف اسلم نے اپنی کامیابی اور تجربات پر بھی روشنی ڈالی:
"میں نے 18 سال کی عمر میں وہ کچھ حاصل کیا جس کے لیے لوگ پوری زندگی محنت کرتے ہیں۔ بڑے شہروں میں پرفارمنس، ریکارڈ سیل، شہرت مجھے یہ سب ملا۔ لیکن پھر ایک وقت آتا ہے جب لگتا ہے کہ یہ سب کافی نہیں۔ انسان میں آگے بڑھنے کی بھوک رہتی ہے، مگر مقصد صرف دوڑ میں رہنا نہیں بلکہ اپنی کامیابی سے لطف اندوز ہونا بھی ہوتا ہے۔"