وانا میں کیڈٹس کے والدین اور جنوبی وزیرستان کے عمائدین کا کالج کا دورہ

 پاک فوج اور وفاقی حکومت کی جانب سے کی گئی تیز رفتار بحالی کے اقدامات پر مکمل اطمینان کا اظہار
وانا (آن لائن) کیڈٹ کالج وانا میں زیرِ تعلیم کیڈٹس کے والدین اور جنوبی وزیرستان کے عمائدین نے کالج کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دہشتگرد حملے کے بعد پاک فوج اور وفاقی حکومت کی جانب سے کی گئی تیز رفتار بحالی کے اقدامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ دورے کے دوران ڈائریکٹر آف اسٹڈیز کیڈٹ کالج وانا نے کہا کہ کالج پر حملہ دراصل وزیرستان اور پاکستان کے بچوں کے خوابوں اور تعلیمی مستقبل پر حملہ تھا، مگر سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے بڑے نقصان کو روک لیا۔ انہوں نے بتایا کہ حملے کے فوراً بعد وفاقی وزیر داخلہ ہنگامی دورے پر کالج پہنچے اور اعلان کیا کہ ادارے کو پہلے سے بھی زیادہ بہتر سہولیات کے ساتھ بحال کیا جائے گا۔پرنسپل کیڈٹ کالج وانا نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد تعلیم صوبائی حکومت کا شعبہ ہے، تاہم  خیبرپختونخوا حکومت کے کسی نمائندے نے نہ رابطہ کیا اور نہ ہی واقعے  پر افسوس کا اظہار کیا، جس پر والدین اور مقامی عمائدین نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔