41 شوگر ملز نے کرشنگ کا آغاز کردیا، چینی سستی ہونے کاامکان

 کرشنگ سے بلیک مارکیٹ فروخت اور مصنوعی قلت کا خاتمہ ممکن ہوگا:کین کمشنر پنجاب کی گفتگو
 لاہور(آن لائن) پنجاب کی تمام 41 شوگر ملز نے کرشنگ کا آغاز کر دیا ہے، جس کے بعد چینی کے بازار میں آنے سے نرخوں میں 10 روپے تک کمی کا امکان ہے۔کین کمشنر ذرائع کے مطابق مل مالکان نے کئی تاخیری حربے استعمال کیے، اس لیے ضلعی انتظامیہ کو مانیٹرنگ بہتر بنانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کرشنگ سے چینی کی بلیک مارکیٹ میں فروخت اور مصنوعی قلت کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔قبل ازیں کین کمشنر نے حکومتی ڈیڈلائن پر کرشنگ کا آغاز نہ کرنے والی شوگر ملز کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا تھا۔دوسری جانب چیئرمین کسان اتحاد خالد باٹھ نے الزام عائد کیا کہ ملز مالکان تاخیر سے کرشنگ شروع کرکے کسانوں سے سستے داموں گنا خریدنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔