ویب ڈیسک:لندن میں امریکی سفارت خانے کے باہر مشتبہ پیکٹ ملنے کے بعد سیکیورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے اور فوری طور پر ایک الرٹ جاری کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے امریکی سفارت خانے کے قریبی علاقے کی سڑک کو بند کر دیا تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔اس کے ساتھ ہی گیٹ وک ایئرپورٹ پر بھی سیکیورٹی الرٹ کر دی گئی ہے، اور ساؤتھ ٹرمینل کے ایک بڑے حصے کو خالی کروا لیا گیا۔ ایئرپورٹ حکام نے کہا کہ واقعے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں اور مسافروں اور عملے کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔پولیس اور ایمرجنسی سروسز ایئرپورٹ پر پیش آنے والے اس مشتبہ واقعے سے نمٹنے میں مصروف ہیں۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سیکیورٹی اقدامات میں تعاون کریں اور علاقے سے دور رہیں۔ اس وقت تک ایئرپورٹ اور سفارت خانے کے اطراف میں سخت سیکیورٹی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔