لندن: برطانیہ میں امریکی فضائیہ کے اہم فوجی اڈے کے اوپر غیر مجاز ڈرونز کی مشتبہ سرگرمی سامنے آنے کے بعد امریکی فوج کے سیکیورٹی اہلکاروں نے ہنگامی کارروائی کرتے ہوئے حفاظتی اقدامات مزید سخت کردیے۔
واقعے کے دوران فوجی اہلکاروں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے اور عمارتوں کے اندر پناہ لینے کی ہدایت کی گئی، جبکہ فوجی اڈے پر سیکیورٹی الرٹ بڑھا دیا گیا۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس اور رائٹرز کے مطابق یہ واقعہ شام کے وقت مشرقی انگلینڈ کی کاؤنٹی سفوک میں واقع رائل ایئر فورس لاکن ہیتھ (RAF Lakenheath) میں پیش آیا، جہاں امریکی فضائیہ کا اہم فوجی اڈہ قائم ہے۔امریکی فضائیہ کے ترجمان نے بتایا کہ فوجی سیکیورٹی اہلکاروں نے اڈے کے اوپر مشتبہ اور غیر مجاز ڈرون سرگرمی کا نوٹس لیتے ہوئے فوری حفاظتی اقدامات کیے۔ترجمان کے مطابق واقعے کے باوجود امریکی فوجی اہلکار، طیارے اور فوجی تنصیبات محفوظ رہے۔ اس دوران کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع بھی موصول نہیں ہوئی۔