سرکاری سکولوں کا معیار پرائیویٹ سکولوں سے بہتر کرنا ہمارا عزم ہے، سکولوں میں یونیفارم کی پابندی کو یقینی بنایا جائے:مریم نواز
وزیراعلیٰ سے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے 26 ویں نیشنل سکیورٹی ورک شاپ کے شرکاکی ملاقات’’ سپر سی ایم ‘‘ کا خطاب دے دیا
لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں پی ایس آر پی سکولوں میں 5 ہزار نئے کلاس رومز بنانے کی منظوری دے دی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں سکولوں کی تعمیر ومرمت کے لئے ری والونگ فنڈز قائم کرنے کی تجویز پر اتفاق ہوا جبکہ طلبہ میں مطالعہ کی عادت کے فروغ کے لئے سرکاری سکولوں میں موبائل بس لائبریری پراجیکٹ لانچ کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا پنجاب کے سرکاری سکولوں کا معیار اچھے پرائیویٹ سکولوں سے بہتر کرنا ہمارا عزم ہے، سرکاری سکولوں میں یونیفارم کی پابندی کو یقینی بنایا جائے، طلبہ کی لرننگ کیپسٹی بڑھانے کے لئے نئی ماڈرن لیبز قائم کی جائیں گی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے 26 ویں نیشنل سکیورٹی ورک شاپ کے شرکا نے ملاقات کی-نیشنل سکیورٹی ورک شاپ کے شرکا نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو '' سپر سی ایم '' کا خطاب دے دیا-وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے حکومتی کارکردگی پر دو گھنٹے بریفنگ دی، شرکاء نے پرجوش تالیاں بجا کر سراہا-سربراہ نیشنل سیکورٹی ورک شاپ وفد نے کہاکہ پنجاب میں آنا خوش نصیبی ہے، جہاں عوام کے لیے اخلاص اور کوشش نظر آتی ہے- پنجاب میں آکر لگا اندھیرے سے روشنی میں آگئے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں مجموعی حالات باقی صوبوں سے بہتر ہیں - پنجاب میں کوئی بھی تعیناتی سفارش نہیں ہوئی، میرٹ کے معاملے پر کسی کی نہیں سنتی - احتساب نہ ہونے سے ہر شعبہ روبہ زوال ہے۔