70 سرکاری سکولوں میںحکام نے نامکمل کلاس رومز کی تعمیر کا کام تین ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی
لاہور(خصوصی رپورٹ)لاہور کے 70 سے زائد سرکاری سکولوں میں نامکمل کلاس رومز کی تعمیر کا کام دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔ تھرڈ پارٹی سے منظوری کے بعد 120 کلاس رومز کی تعمیر کا عمل شروع کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کلاس رومز کی تعمیر کا منصوبہ پہلے سکول مینجمنٹ کونسلز کے تحت شروع کیا گیا تھا، تاہم تعمیراتی کام میں نقائص سامنے آنے کے بعد کام روک دیا گیا تھا۔ اب باقی ماندہ کلاس رومز کی تعمیر سٹریٹجک مینجمنٹ یونٹ کے تحت مکمل کی جائے گی۔حکام نے نامکمل کلاس رومز کی تعمیر کا کام تین ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی طارق محمود کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی کی منظوری کے بعد ہی کام آگے بڑھایا جا رہا ہے۔