عامر خان اور گوری اسپرٹ رشتۂ ازدواج میں منسلک، نجی تقریب میں رجسٹرڈ شادی

عامر خان اور گوری اسپرٹ رشتۂ ازدواج میں منسلک، نجی تقریب میں رجسٹرڈ شادی

بالی ووڈ کے سپر اسٹار عامر خان اور ان کی دیرینہ ساتھی گوری اسپرٹ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ دونوں نے 5 جولائی 2026 کو ممبئی کے علاقے باندرا میں عامر خان کی رہائش گاہ پر ایک سادہ اور نجی تقریب میں اسپیشل میرج ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ شادی کی، جس میں قریبی اہل خانہ، دوستوں اور تقریباً 150 مہمانوں نے شرکت کی۔

شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد مداحوں کی جانب سے نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ تصاویر میں عامر خان اور گوری اسپرٹ کو شادی کے رجسٹر پر دستخط کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ عامر نے روایتی سفید لباس زیب تن کیا، جبکہ گوری ہلکے بیج رنگ کے روایتی لباس میں نظر آئیں۔ ایک تصویر میں گوری کے بیٹے کوئن انگوٹھی کا ڈبہ تھامے دونوں کے درمیان بیٹھے دکھائی دیے، جبکہ عامر کے بچے جنید خان، ایرا خان اور آزاد راؤ خان بھی تقریب میں شریک تھے۔شادی کے بعد منعقدہ مختصر استقبالیہ تقریب میں فلمی اور سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والی متعدد معروف شخصیات نے شرکت کی، جن میں اشوتوش گواریکر، راج کمار ہیرانی، ایلی آورام، عرفان پٹھان اور مکیش امبانی شامل تھے۔

یاد رہے کہ عامر خان اور گوری اسپرٹ کی پہلی ملاقات تقریباً 25 سال قبل بنگلورو میں ہوئی تھی، تاہم بعد ازاں دونوں کا رابطہ منقطع ہوگیا۔ کئی برس بعد 2024 میں دوبارہ ملاقات کے بعد دونوں ایک دوسرے کے قریب آئے، جبکہ گوری اپنے بیٹے کے ساتھ ممبئی منتقل ہوگئیں۔ عامر خان نے مارچ 2025 میں اپنی 60ویں سالگرہ کے موقع پر پہلی مرتبہ میڈیا کے سامنے گوری اسپرٹ کو اپنی شریکِ حیات کے طور پر متعارف کرایا تھا۔