پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ عصمت زیدی نے ڈرامہ انڈسٹری میں بڑھتی ہوئی غیر پیشہ ورانہ روش اور سینئر فنکاروں کے ساتھ ناروا سلوک پر کھل کر گفتگو کی ہے۔
ایک ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈرامہ سیٹس پر کام کا نظام بگڑ چکا ہے، جہاں اداکاروں کو اکثر 12 گھنٹے یا اس سے زائد طویل شفٹس میں کام کرنا پڑتا ہے، جبکہ شوٹنگ کے شیڈول کے بارے میں بروقت آگاہی بھی نہیں دی جاتی۔ان کا کہنا تھا کہ بعض اوقات مرکزی اداکار اپنی سہولت کے مطابق شوٹس منسوخ کر دیتے ہیں، جس کے باعث دیگر فنکاروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکثر چھوٹے یا سینئر فنکاروں کو نئے اسٹارز کے شیڈول کے مطابق خود کو ایڈجسٹ کرنا پڑتا ہے۔
اداکارہ نے ایک تلخ واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے سیٹ پر غیر پیشہ ورانہ رویے پر بات کی تو ایک ہدایت کار نے متعدد افراد کے سامنے ان پر سخت لہجہ اختیار کیا، جس سے وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئیں۔عصمت زیدی نے کہا کہ دنیا بھر میں سینئر فنکاروں کو عزت دی جاتی ہے، لیکن ہمارے ہاں اکثر ان کے ساتھ غیر مناسب رویہ اختیار کیا جاتا ہے۔ اس کے باوجود انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری نبھاتے ہوئے شوٹ مکمل کیا۔