3رکنی چور گینگ پکڑا گیا متعدد وارداتوں کا انکشاف

لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔ انچارج انویسٹی گیشن تھانہ گلشن راوی ملک شہزاد نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے چور گینگ کے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں گینگ کا سرغنہ اور اس کے دو ساتھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے شہریوں کے چوری شدہ موبائل فونز، نقدی اور ایک چینگ چی رکشہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ انچارج انویسٹی گیشن ملک شہزاد کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم مختلف علاقوں میں رکشہ چلاتا تھا جبکہ اس کے ساتھی سواریوں کی جیبوں سے موبائل فونز اور نقدی نکال لیتے تھے۔ ملزمان نے دورانِ تفتیش شہر کے مختلف علاقوں میں متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے جبکہ انہیں جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے کہا ہے کہ پولیس پراسیکیوشن پارٹنرشپ کے ذریعے گرفتار ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی اور قانون شکن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ اس موقع پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔