“میری کرکٹ میں دلچسپی ختم ہوگئی، اب صرف نوکری کے لیے آتا ہوں”شعیب اختر 

“میری کرکٹ میں دلچسپی ختم ہوگئی، اب صرف نوکری کے لیے آتا ہوں”شعیب اختر 

سابق فاسٹ بولر شعیب اختر  نے بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کی عبرتناک شکست پر شدید مایوسی اور برہمی کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ ٹیم کی مسلسل ناقص کارکردگی کے باعث اب ان کی کرکٹ میں دلچسپی کم ہو گئی ہے، اور وہ صرف پیشہ ورانہ مجبوری کے تحت اس سے وابستہ ہیں۔ ان کے مطابق جب کھلاڑی اس سطح کی کارکردگی دکھائیں تو صورتحال کو بہتر بنانا مشکل ہو جاتا ہے۔شعیب اختر نے قومی ٹیم کی قیادت پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کے لیے شان مسعود مناسب انتخاب نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وائٹ بال کرکٹ کے لیے قیادت کا فیصلہ کرنا تھا تو فخر زمان کو کپتانی دی جانی چاہیے تھی اور انہیں مسلسل موقع دیا جاتا تو بہتر نتائج سامنے آ سکتے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ شاہین آفریدی کو ون ڈے کے بجائے ٹی20 فارمیٹ کی قیادت سونپی جانی چاہیے تھی تاکہ ٹیم کی حکمت عملی زیادہ مؤثر ہو سکتی۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان کو بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بنگلادیش نے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو 78 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کی، جس کے بعد قومی ٹیم کی کارکردگی اور قیادت پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔سابق کرکٹرز اور تجزیہ کاروں کی جانب سے بھی مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی جائیں اور کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے کیے جائیں۔