ایک 8 سالہ پاکستانی نژاد بچے نے امریکی خلائی ادارے NASA کی سرکاری ویب سائٹ پر ایک ہجے کی معمولی غلطی کی نشاندہی کر کے سب کو حیران کر دیا، جسے بعد ازاں ادارے نے تسلیم کرتے ہوئے درست بھی کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ناسا کی ایک پوسٹ میں “Explore Jupiter” کی جگہ غلطی سے “Expor Jupiter” لکھا گیا تھا، جس میں لفظ “Explore” سے حرف “l” غائب تھا۔ یہ غلطی بچے نے نہایت توجہ سے نوٹ کی اور اپنے والد کے ذریعے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر اس کی نشاندہی کی۔بچے کے والد نے مزاحیہ انداز میں اسے “اہم مشن اپڈیٹ” قرار دیتے ہوئے ناسا کو آگاہ کیا۔ ادارے نے بھی فوری اور دوستانہ انداز میں جواب دیتے ہوئے غلطی درست کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اس نشاندہی کو سراہا۔یہ واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا، جہاں صارفین نے بچے کی ذہانت اور باریک بینی کی تعریف کی۔ کئی صارفین نے کہا کہ اس قسم کی توجہ اور تجسس مستقبل میں اسے سائنس یا خلائی تحقیق کے میدان میں نمایاں مقام دلا سکتا ہے۔