کار نہر میں جا گری:3نوجوان جاں بحق

حادثہ ڈاکٹرز ہسپتال کے قریب تیز رفتاری کے باعث پیش آیا،16سالہ حمزہ ،مصطفی اور18سالہ علی موقع پر جاں بحق ہو گئے
لاہور(کرائم رپورٹر)جوہر ٹاؤن کینال روڈ پر افسوسناک حادثے میں ایک کار نہر میں جا گری جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایمرجنسی ٹیمیں اور گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور فوری امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں ۔حادثہ ڈاکٹرز ہسپتال کے قریب تیزرفتاری کے باعث پیش آیا۔حادثے میں کار سوار تینوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔جاں بحق افراد کی لاشیں نہر سے نکال کر جناح ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک نوجوان کی شناخت 16سالہ حمزہ علی ، دوسرے کی لیک سٹی کا رہائشی 18سالہ محمد علی اور تیسرے نوجوان کی شناخت 16سالہ مصطفی کے نام سے ہوئی ہے ۔پولیس نے لاشوں کو قبضے میں لیکر مزید کارروائی شروع کردی۔