اسلام آباد: نوبیل انعام یافتہ انسانی حقوق کی کارکن ملالہ یوسفزئی نے عالمی برادری سے غزہ میں جاری انسانی بحران کے حوالے سے فوری اور مؤثر اقدام کا مطالبہ کیا ہے۔
ملالہ نے اپنی تازہ پوسٹ میں غزہ کے بھوکے بچوں، تباہ شدہ اسکولوں اور ہسپتالوں، روکی گئی انسانی امداد، اور بے گھر خاندانوں کی صورتحال پر گہرا دکھ اور تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ اپنی ظالمانہ کارروائیاں بند کرے اور معصوم شہریوں کو تحفظ فراہم کرے۔ ملالہ نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی حکومت پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالیں تاکہ اس ظلم کو روکا جا سکے اور انسانی جانیں بچائی جا سکیں۔
مزید برآں، انہوں نے اقوام متحدہ، فلسطینی پناہ گزینوں کی ایجنسی (UNRWA) اور فلسطین چلڈرن فنڈ جیسی تنظیموں کی امدادی سرگرمیوں کی حمایت پر بھی زور دیا، جو جنگ زدہ علاقوں میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے کام کر رہی ہیں۔ملالہ یوسفزئی کا کہنا تھا کہ عالمی انسانیّت اس وقت فوری اور متحدہ ردعمل کی متقاضی ہے تاکہ غزہ کے معصوم شہریوں کو محفوظ بنایا جا سکے اور انسانی بحران کو کم کیا جا سکے۔