علیزے شاہ کا ’تماشا سیزن 5‘ میں شرکت کی افواہوں پر جواب وائرل

علیزے شاہ کا ’تماشا سیزن 5‘ میں شرکت کی افواہوں پر جواب وائرل

کراچی: پاکستانی اداکارہ علیزے شاہ نے ریئلٹی شو ’تماشا سیزن 5‘ میں شرکت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر اپنا ردعمل دے دیا، جس کے بعد ان کا بیان سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا۔

سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ وائرل ہوئی جس میں مداحوں نے خواہش کا اظہار کیا کہ وہ علیزے شاہ کو ’تماشا سیزن 5‘ میں بطور شریک دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس پوسٹ پر اداکارہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ "نہ ہی ان کا اتنا بجٹ ہے اور نہ ہی اتنی اوقات۔"علیزے شاہ کے اس جواب نے دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر لی، جہاں صارفین کی جانب سے مختلف آرا سامنے آئیں۔ کچھ صارفین نے اداکارہ کے بے باک انداز اور کھلے اظہارِ خیال کو سراہا، جبکہ بعض نے ان کے الفاظ کو سخت اور غیر ضروری قرار دیتے ہوئے تنقید کی۔اداکارہ کے مداحوں کا کہنا ہے کہ علیزے شاہ اکثر اپنے منفرد انداز اور واضح مؤقف کی وجہ سے خبروں میں رہتی ہیں، جبکہ ناقدین کے مطابق عوامی پلیٹ فارم پر الفاظ کے انتخاب میں احتیاط ضروری ہے۔

واضح رہے کہ ریئلٹی شو ’تماشا سیزن 5‘ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر مختلف شوبز شخصیات کے نام زیرِ گردش ہیں، تاہم شو کی انتظامیہ کی جانب سے اب تک باضابطہ طور پر تمام شرکا کی حتمی فہرست جاری نہیں کی گئی۔علیزے شاہ کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ’تماشا‘ کے نئے سیزن سے متعلق مداحوں میں خاصی دلچسپی پائی جا رہی ہے اور شائقین ممکنہ شرکا کے ناموں پر قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔