صدرٹرمپ کا جدید ترین دفاعی سسٹم گولڈن ڈوم کے منصوبے کا اعلان

  امریکی عوام سے وعدہ کیا تھا ایک جدید ترین میزائل دفاعی شیلڈ بنائوں گا،وائٹ ہائوس میں خطاب
واشنگٹن (آئی این پی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے لیے ایک نئے میزائل دفاعی نظام گولڈن ڈوم کے منصوبے کا اعلان کر دیا۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر ملکی حملوں سے امریکا کو بچانے کے لیے ایک نئے میزائل دفاعی نظام گولڈن ڈوم کے منصوبے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ نظام ان کی دوسری مدت صدارت کے اختتام تک فعال ہو جائے گا۔ٹرمپ نے وائٹ ہائوس میں خطاب کرتے ہوئے کہا الیکشن مہم کے دوران میں نے امریکی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ میں ایک جدید ترین میزائل دفاعی شیلڈ بنائوں گا۔انہوں نے کہا کہ آج مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہم نے اس جدید نظام کے لیے باضابطہ طور پر بنیادی خاکہ منتخب کر لیا ہے۔گولڈن ڈوم دفاعی نظام پر175ارب ڈالرخرچ ہوں گے۔ ٹرمپ نے کہا کہ دفاعی بل میں گولڈن ڈوم کیلئے 25 ارب ڈالر شامل ہوں گے، گولڈن ڈوم کیلئے ہر چیز امریکا میں بنائی جائے گی، اسپیس آپریشنز کے نائب سربراہ جنرل مائیکل اس منصوبے کی قیادت کریں گے۔