بھارت پانی کو اسلحہ کے طور پر استعمال کر رہا ہے، دہشتگردی سے خطے کو پاک کرنے کا حل نکالنا چاہیے، پانی کے مسئلے کا حل نکالنے کی بھی ضرورت ہے
آنے والی نسلوں کی ذمہ داری ہے نئے مستقبل کے لئے جدوجہد کرنی ہے ‘پاکستان کا پیغام امن کا پیغام ہے اسے دنیا بھر میں پہنچا رہے ہیں: میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد (آئی این پی )چیئرمین پیپلز پارٹی اور وزیراعظم کی جانب سے بھارتی پروپیگنڈے کے جواب میں عالمی سفارتی مہم کے لیے قائم کی گئی کمیٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے بھارت پانی کو اسلحے کے طور پر استعمال کر رہا ہے، جوہری ممالک کے درمیان جنگ ہوئی تو نتائج صرف پاکستان تک محدود نہیں رہیں گے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا دہشتگردی سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا، دہشتگردی سے خطے کو پاک کرنے کا کوئی حل نکالنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا بھارت پانی کو اسلحہ کے طور پر استعمال کر رہا ہے، پانی کے مسئلے پر آنے والی نسلیں جنگ لڑیں گی؟ یہ افسوسناک ہے، جوہری ممالک کے درمیان جنگ ہوئی تو نتائج صرف پاکستان تک محدود نہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پیغام امن کا پیغام ہے اسے دنیا بھر میں پہنچا رہے ہیں، مودی نے بے بنیاد الزامات لگائے، وزیراعظم شہبازشریف نے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا، بھارت کا موقف بہت کمزور ہے۔سفارتی کمیٹی کے سربراہ کا کہنا تھا بھارت نے سندھ طاس معائدے کی خلاف ورزی کی، پانی کے مسئلے کا حل نکالنے کی ضرورت ہے، آنے والی نسلوں کی ذمہ داری ہے کہ نئے مستقبل کے لیے جدوجہد کرنی ہے