بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہیں، عالمی برادری پاک بھارت کشیدگی میں اضافہ روکنے کے لئے اقدامات کرے
پہلگام واقعے کی آزادانہ اور غیر جانبدار تحقیقات کرائی جائے‘ روایتی حریفوں کے درمیان کشیدگی ہمیشہ تشویش کا باعث ہوتی ہے:انٹرویو
اسلام آباد (آئی این پی )چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا ہے کہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں، کسی قسم کا تصادم جوہری جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتا ہے۔ اسکائی نیوز کو انٹرویو میں چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہماری فضائیہ، بری اور بحری افواج بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کے جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ماضی میں دیکھا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ ہوئی، ہم نہیں چاہتے کہ کشیدگی میں اضافہ ہو۔بلاول بھٹو نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری کشیدگی میں اضافے کو روکنے کے لیے اقدامات کرے، اور پہلگام واقعے کی آزادانہ اور غیر جانبدار تحقیقات یقینی بنائے۔ان کا کہنا تھا کہ 2 ایٹمی قوتوں کے مابین کشیدکی کم نہ ہوئی تو صورتحال محدود جھڑپوں سے بڑھ کر جنگ کی صورت بھی اختیار کر سکتی ہے، جنوبی ایشیا کے روایتی حریفوں کے درمیان کشیدگی ہمیشہ تشویش کا باعث ہوتی ہے۔