زیادہ شجرکاری سے پاکستان کو کاربن کریڈٹ والا ملک بنائیں گے:رانا سکندر
لاہور(کرائم رپورٹر)وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا اور شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا۔ اس موقع پر ریکٹر یوایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا، ڈی جی یو ایم ٹی احمد عبداللہ سمیت سٹاف اور طلبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ منعقدہ تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سموگ کے مقابلے کیلئے وسیع پیمانے پر شجرکاری اہمیت اختیار کر چکی ہے۔ سموگ کے تدارک کیلئے ابھی سے موثر تیاری کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا پنجاب کی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں مجموعی طور پر 5لاکھ پودے لگائے گئے ہیں جبکہ تمام سکولوں میں بھی بڑی تعداد میں شجرکاری کی گئی ۔ وزیر تعلیم نے کہا محکمہ کو لگائے گئے پودوں کی میپنگ کرنے کی ہدایات کی ہیں۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا زیادہ شجرکاری سے پاکستان کو کاربن کریڈٹ والا ملک بنائیں گے۔ صوبے میں الیکٹرک بسوں، ای بائیکس اور سکوٹیز کے ذریعے سموگ کے تدارک پر کام کر رہے ہیں۔