پشاور:ترجمان خیبرپختونخوا حکومت، بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی نمائشی لڑائی عوام کو دھوکا دینے کے مترادف ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈرز پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں وزیراعلیٰ مریم نواز کو طلب کرکے توہین سینیٹ کی کارروائی کرنی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب تین ماہ سے اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈرز پر عمل نہیں کر رہی ہیں، جو کہ سینیٹ کی توہین ہے۔ بیرسٹر سیف نے مطالبہ کیا کہ چیئرمین سینیٹ، وزیراعلیٰ پنجاب کو اس توہین پر طلب کرکے کارروائی کریں۔بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ تین ماہ تک پروڈکشن آرڈرز پر عملدرآمد نہ ہونے کا مطلب یہ ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی ملی بھگت ثابت ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی، حکومتی موقف سے علیحدہ ہونے کا اعلان کرے اور نمائشی بیانات دینے سے گریز کرے۔ترجمان خیبرپختونخوا حکومت نے اس بات پر زور دیا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) عوام کو دھوکا دینے کے بجائے حقیقی جمہوریت کے لیے کام کریں، ورنہ دونوں جماعتیں تاریخ میں 26 ویں ترمیم کرنے والے جمہوریت کش ٹولے کے طور پر یاد رکھی جائیں گی۔