سیالکوٹ ایئرپورٹ پر عراق میں بھیک مانگنے والی 2 خواتین گرفتار

سیالکوٹ ایئرپورٹ پر عراق میں بھیک مانگنے والی 2 خواتین گرفتار

ایف آئی اے گوجرانوالہ نے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے 2 خواتین سمیت 3 افراد کو گرفتار کر لیا۔

 ایف آئی اے کے مطابق گرفتار خواتین کا تعلق حیدر آباد سے ہے اور دونوں عراق میں گداگری کر رہی تھیں۔ عراق کی حکومت نے انہیں ڈی پورٹ کر کے پاکستان واپس بھیجا تھا۔حکام کے مطابق، یہ دونوں خواتین ایران کے راستے غیر قانونی طور پر پاکستان سے عراق پہنچیں اور وہاں گداگری کا کام شروع کر دیا۔ ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ دونوں خواتین نے زمینی راستے سے پہلے ایران کا سفر کیا، پھر وہاں سے عراق پہنچی جہاں ان کے گداگری کرنے کی شکایت ملنے پر انہیں عراق حکومت نے ڈی پورٹ کر دیا۔

اسی کارروائی میں ایک اور ملزم شاہزیب کو بھی گرفتار کیا گیا، جو سعودی عرب سے واپس پاکستان آیا تھا۔ شاہزیب کے پاسپورٹ پر نیدرلینڈ کا جعلی ویزہ تھا اور وہ سعودی عرب میں مقیم ایجنٹ سے رابطے میں تھا، جس کے ذریعے وہ یورپ جانے کی کوشش کر رہا تھا۔ایف آئی اے نے ان افراد کو گرفتار کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور ان کے غیر قانونی سفر کی تفصیلات معلوم کی جا رہی ہیں۔