ویب ڈیسک: ترجمان امریکی وزارت خارجہ ٹیمی بروس نے واضح کیا ہے کہ امریکی ویزے کے جائزے کا عمل مکمل ہونے کی ڈیڈ لائن آج نہیں ہے۔
نیوز کانفرنس میں بات کرتے ہوئے ٹیمی بروس نے کہا کہ سفری پابندیوں کا تعین تحقیقات کے بعد کیا جائے گا اور آج کوئی ڈیڈ لائن نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا آنے والے غیر ملکی مسافروں کی جانچ پڑتال اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کی جاتی ہے کہ وہ امریکی قومی سلامتی اور عوامی حفاظت کے لیے خطرہ نہ ہوں۔ٹیمی بروس نے ایران کے حوالے سے بھی کہا کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دے گا اور صدر ٹرمپ ایران پر بھرپور دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ ایران دہشت گرد گروپوں کی حمایت بند کر دے۔انہوں نے شام کی موجودہ صورتحال پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ امریکا اس پر نظر رکھے ہوئے ہے اور چاہتا ہے کہ شام کے نائب وزیر خارجہ احمد الشرع تمام شہریوں کے حقوق کا احترام کریں۔ ٹیمی بروس نے اس بات پر زور دیا کہ امریکا اپنے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔