ڈیجیٹل یوتھ حب شہری کیساتھ دیہی علاقوں کے نوجوانوں کے لیے بھی یکساں مواقع پیدا کریگا،چیئرمین یوتھ پروگرام
لاہور(آئی این پی )وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبود، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور معاشی خودمختاری کو اولین ترجیح دے رہی ہے،ڈیجیٹل یوتھ حب ایک انقلابی قدم ہے جو نہ صرف شہری بل کہ دیہی علاقوں کے نوجوانوں کے لیے بھی یکساں مواقع پیدا کرے گا۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے ڈیجیٹل یوتھ حب کا باضابطہ افتتاح کر دیا جبکہ ڈیجیٹل یوتھ انٹرن شپ پروگرام کے تھیم کا بھی اجراء کیا گیا۔اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ڈیجیٹل یوتھ حب وزیراعظم م شہباز شریف کے وژن کا عملی مظہر ہے، جس کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع تک براہ راست رسائی فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ ڈیجیٹل یوتھ حب ایک جدید، مصنوعی ذہانت پر مبنی ون ونڈو پلیٹ فارم ہے جو پاکستان بھر کے نوجوانوں کو تعلیمی وظائف، ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت، کیریئر گائیڈنس، روزگار، انٹرن شپس، سٹارٹ اپ سپورٹ اور سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام وزیراعظم شہباز شریف کے اس وژن کی تکمیل کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے، جس کے تحت نوجوانوں کو قومی ترقی کے عمل میں فعال شراکت دار بنایا جا رہا ہے۔