سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’لو اینڈ وار‘ کے سیٹ پر حادثہ، کارپینٹر جان کی بازی ہار گیا

سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’لو اینڈ وار‘ کے سیٹ پر حادثہ، کارپینٹر جان کی بازی ہار گیا

 بھارتی فلم ساز اور ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی کی زیرِ تکمیل میگا بجٹ فلم ’لو اینڈ وار‘ کے سیٹ پر افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے، جس میں ایک ورکر جان کی بازی ہار گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شوٹنگ کے دوران سیٹ پر کام کرنے والے کارپینٹر چندر دھاری سنگھ یادیو کو اچانک شدید بجلی کا جھٹکا لگا، جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ مرحوم اپنے پیچھے اہلیہ اور دو بچوں کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔حادثے کے بعد فلمی ورکرز کی نمائندہ تنظیم فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سینی ایمپلائز نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کے لیے مزید مالی معاونت کا مطالبہ کیا ہے۔تنظیم کے صدر بی این تیواری کے مطابق فلم ساز کی جانب سے ابتدائی طور پر متاثرہ خاندان کو 40 لاکھ روپے کی مالی امداد دی گئی ہے، تاہم یونین کا مطالبہ ہے کہ یہ رقم بڑھا کر 50 لاکھ روپے کی جائے۔

فیڈریشن نے یہ بھی درخواست کی ہے کہ مرحوم کے دونوں بچوں کی تعلیم کے اخراجات بھی فلم پروڈکشن کی جانب سے برداشت کیے جائیں تاکہ ان کے مستقبل کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔واضح رہے کہ ’لو اینڈ وار‘ کو سنجے لیلا بھنسالی کا ایک بڑا اور ہائی پروفائل پروجیکٹ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم اس حادثے کے بعد فلم سیٹ پر ورکرز کی حفاظت اور حفاظتی اقدامات پر ایک بار پھر سوالات اٹھ گئے ہیں۔