ایران کی ناکہ بندی ختم، منجمد اثاثے جاری ہونے کا دعویٰ: عباس عراقچی

ایران کی ناکہ بندی ختم، منجمد اثاثے جاری ہونے کا دعویٰ: عباس عراقچی

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے دعویٰ کیا ہے کہ سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کے دوران ایران پر عائد بعض پابندیوں اور ناکہ بندی کے خاتمے پر اتفاق کیا گیا ہے، جبکہ کچھ منجمد اثاثے بھی بحال کر دیے گئے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر جاری اپنے بیان میں عباس عراقچی نے مشترکہ اعلامیے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قطر کی “انتھک ثالثی” کے نتیجے میں اہم سفارتی پیش رفت سامنے آئی ہے، خصوصاً لبنان میں جنگ بندی کے حوالے سے۔ان کے مطابق مذاکرات میں ایران کی تیل اور پیٹرو کیمیکل برآمدات پر عائد پابندیاں ختم کرنے، بعض مالی اثاثوں کی بحالی اور ایران کے لیے تعمیرِ نو و ترقی کے بڑے منصوبے کے آغاز پر اتفاق ہوا ہے۔عباس عراقچی نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران کے لیے “ناکابندی کے خاتمے” کی سمت عملی اقدامات شروع ہو چکے ہیں، جو بظاہر اقتصادی دباؤ میں نرمی کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگلا اہم مرحلہ لبنان ڈی-کنفلیکشن سیل کا قیام ہے، جو خطے میں کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی پر عملدرآمد کی نگرانی کے لیے کام کرے گا۔تاہم اس حوالے سے امریکہ یا دیگر فریقین کی جانب سے فوری طور پر ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی، جبکہ سفارتی حلقوں کے مطابق معاہدے کے عملی نفاذ کا انحصار آئندہ تکنیکی اور سیاسی مذاکرات پر ہوگا۔