’گھوسٹ فونٹ‘ جسے اے آئی ماڈلز نہیں صرف انسان پڑھ سکتے ہیں

لاہور(نیٹ نیوز )ڈیولپر اور ڈیزائنر ایرک لو نے گھوسٹ فونٹ نامی ایسا فونٹ تیار کر لیا ہے جسے انسان تو پڑھ سکتے ہیں لیکن مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے جدید ترین ماڈلز کے لیے یہ کام ممکن نہیں۔ایک تجرباتی منصوبے ’گھوسٹ فونٹ‘ نے اے آئی کے جدید ترین ماڈلز کی ایک غیر متوقع کمزوری کو نمایاں کر دیا۔اس منصوبے کے خالق ڈیولپر اور ڈیزائنر ایرک لو نے اس فونٹ کو اس انداز میں تیار کیا ہے کہ اسے انسان آسانی سے پڑھ سکتے ہیں، جبکہ اوپن اے آئی اور اینتھروپک جیسے جدید و معروف اے آئی سسٹمز اس میں موجود متن کو درست طور پر سمجھنے میں دشواری کا سامنا کرتے ہیں۔ایرک لو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ میں نے گھوسٹ فونٹ کے نام سے ایک ایسا فونٹ تیار کیا ہے جسے صرف انسان پڑھ سکتے ہیں، میں نے اسے فیبل اور جی پی ٹی 5.0 سول الٹرا پر آزمایا، لیکن دونوں ہی اس میں موجود متن کو درست طور پر سمجھنے میں ناکام رہے۔گھوسٹ فونٹ حرکت، بصری شور اور گمراہ کن پیٹرنز کے امتزاج پر مبنی ہے، اس کی خاص بات یہ ہے کہ جیسے ہی اینی میشن کو روکا جاتا ہے، اس میں موجود پیغام غائب ہو جاتا ہے۔