پاکستانی ہائی کمشنر کی کشمیری نژاد برطانوی ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتیں

 تمام متعلقہ فریقین کو مل بیٹھ کر آزاد کشمیر کی صورتحال کا حل تلاش کرنا چاہیے: رکن پارلیمنٹ یاسمین قریشی 
لندن(آئی این پی ) برطانیہ میں پاکستان کے نئے تعینات ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے برطانوی پارلیمنٹ کے کشمیری نژاد ارکان سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں لارڈ قربان حسین، یاسمین قریشی اور محمد یاسین شامل تھے۔الگ الگ ملاقاتوں  میں   پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات، کشمیری کمیونٹی اور بالخصوص آزاد جموں و کشمیر کی تازہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔    ملاقاتوں کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لارڈ قربان حسین نے کہا کہ ہائی کمشنر سے ملاقات تعارفی نوعیت کی تھی جس میں برطانیہ، پاکستان اور آزاد کشمیر کی مجموعی صورتحال زیر بحث آئی۔ انہوں نے کہا کہ تمام فریق اس بات پر متفق ہیں کہ مسائل کا حل پرامن طریقے سے نکالا جانا چاہیے۔اس موقع پر برطانوی رکن پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے کہا کہ تمام متعلقہ فریقین کو مل بیٹھ کر آزاد کشمیر کی صورتحال کا حل تلاش کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلے کا پرامن حل سب کے مفاد میں ہے۔