وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی کی ملاقات میں خطے کی کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا‘وزیرداخلہ کی جی ایچ میں فیلڈ مارشل سے ملاقات‘، علاقائی و دوطرفہ سکیورٹی صورتحال پربات چیت
گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح کیلئے نومنتخب حکومت کے ساتھ کام کریں گے‘گلگت بلتستان کے عوام کی سہولت کیلئے گلگت میں پاکستان آسان خدمت سینٹر بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے:وزیراعظم کی وزیراعلی سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد (آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک)ایران امریکا جنگ رکوانے کیلئے پاکستان ایک بار پھر متحرک ہوگیا۔ وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے ملاقات کی اور ایرانی صدر کا پیغام پہنچایا۔ ملاقات میں خطے کی کشیدہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک ایران تعلقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ایران کے وزیرِ داخلہ اسکندر ممنی وزیراعظم ہائوس پہنچے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، اقتصادی روابط اور علاقائی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو نئی جہت دینا چاہتا ہے۔ملاقات میں سرحدی سلامتی، انسدادِ دہشت گردی، غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام اور دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون کو مزید مثر بنانے پر بھی مشاورت کی گئی۔دونوں رہنماں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ، اعلی سطحی روابط کے تسلسل اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر ایرانی وزیرِ داخلہ اسکندر ممنی نے وزیراعظم شہباز شریف کو ایرانی قیادت کی جانب سے نیک تمنائوں کا پیغام بھی پہنچایا۔ایران کے وزیرِ داخلہ سکندر مومنی نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی و دوطرفہ سکیورٹی صورتحال اور مؤثر سرحدی انتظام (بارڈر مینجمنٹ) پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ ایرانی وزیرِ داخلہ نے خطے میں کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں اور اس کے مؤثر سفارتی کردار کو سراہا۔دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی، استحکام اور امن کے فروغ کے لیے قریبی رابطے اور باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے نو منتخب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلی گلگت بلتستان امجد حسین نے ملاقات کی جس میں گلگت بلتستان کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے امجد حسین کو وزیراعلی گلگت بلتستان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے نو منتخب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے پرعزم ہے، وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی فلاح و بہبود کیلئے قابل تجدید توانائی، سیاحت، انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اقدامات کر رہی ہے