ویب ڈیسک: ترک ٹیلی ویژن کی مقبول ترین تاریخی سیریز "کورولش عثمان" (Kuruluş: Osman) میں مرکزی کردار ادا کرنے والے معروف اداکار براک اوزچیویت نے ڈرامے سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔
ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق، براک اوزچیویت نے سیریز کے پروڈیوسر مہمت بوزداغ سے معاوضے کے تنازع پر اختلافات کے بعد نئے سیزن میں کام نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اداکار نے مبینہ طور پر فی قسط 40 لاکھ ترک لیرا کا مطالبہ کیا، جسے پروڈکشن ٹیم نے تسلیم نہیں کیا۔ اس تنازع کے بعد براک اور پروڈکشن ٹیم کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی، حتیٰ کہ دونوں فریقین نے سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کو ان فالو بھی کر دیا۔رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آنے والے سیزن میں عثمان بے کے بڑھاپے کو دکھایا جائے گا، جبکہ کہانی کا محور اب ان کے بیٹے اورحان بے کی زندگی پر منتقل ہو جائے گا۔
اورحان بے کے کردار کے لیے مرت یازجی اوغلو، مراد یلدرم اور ابراہیم چلیک کول جیسے اداکاروں کے نام زیر غور ہیں، تاہم کسی ایک کا حتمی انتخاب تاحال نہیں ہوا۔براک اوزچیویت نے "کورولش عثمان" میں سلطنتِ عثمانیہ کے بانی عثمان غازی کا کردار بخوبی نبھایا، جس نے نہ صرف ترکی بلکہ دنیا بھر میں ڈرامے کو مقبولیت کی بلندیوں تک پہنچایا۔ ان کی شاندار اداکاری اور کرشماتی شخصیت نے اس کردار کو ناقابلِ فراموش بنا دیا۔