دونوں پہلے سے شادی شدہ تھے، خاتون کے 5 اور مرد کے 6 بچے ہیں‘قتل کسی صورت جائز نہیں
ریاست ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ رہی ہے، اس کیس میں بھی مظلوموں کیساتھ ہیں:پریس کانفرنس
کوئٹہ (آئی این پی )وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سنجیدی ڈیگاری میں قتل ہونے والی خاتون اور مرد کے درمیان کوئی ازدواجی تعلق نہیں تھا، عوام کو حقائق کے بارے میں پتہ ہونا چاہیے، سوشل میڈیا پر کہا جاتا رہا نوبیاہتا جوڑا تھا لیکن ایسا نہیں تھا ۔کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلی بلوچستان کا کہنا تھا کہ مقتولین کے درمیان کوئی ازدواجی رشتہ نہیں تھا، خاتون پانچ بچوں کی ماں تھی، قتل ہونے والے مرد کے بھی 6بچے ہیں۔وزیراعلی کے مطابق ان دونوں کو بے دردی سے قتل کیا گیا جو کہ کسی بھی لحاظ سے درست نہیں ہے، اس بات کی نہ معاشرہ اجازت دیتا ہے نہ ہی حکومت اجازت دیتی ہے اور حکومت ملزمان سے تھوڑی سی بھی نرمی نہیں برتے گی۔وزیر اعلی بلوچستان نے کہا ہے کہ میں وکٹم بلیمنگ پر نہیں جائوں گا، دہرے قتل کیس میں مزید گرفتاریاں بھی ہوں گی، حکومت کی ذمے داری ہے غیر قانونی جرگوں کو روکے، ہم آئینی اور قانونی راستوں سے ہی لوگوں کو انصاف دلوائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے سے پہلے ہی معاملے کا نوٹس لیا اور آئی جی کو ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا، کیس میں اب تک 11 افراد ہو چکے ہیں، مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار ے جا رہے ہیں، جو بھی کیس میں ملوث ہوگا اس کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پہلے روز سے کہہ رہا ہوں کہ ریاست ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ رہی ہے، اس کیس میں بھی ریاست مظلوموں کے ساتھ ہے