پنجاب کی ترقی کے منصوبے میرے دل کے بے حد قریب ہیں مریم نواز

بہاولپور میں چلڈرن ہسپتال قائم کیا جائے گا‘جنوبی پنجاب کے عوام کو بنیادی سہولتیں دہلیز پر فراہم کر رہے ہیں: ملک ظہیر اقبال چنڑ سے ملاقات میں گفتگو
بلوچستان میں بیٹی کا قتل انسانیت کے ضمیر پر حملہ ہے‘ ریاستی قانون سے بالاتر کوئی رسم، روایت یا سوچ قابلِ قبول نہیں: وزیراعلی کا ایکس پر پیغام
 لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑنے ملاقات کی۔ ملاقات میں عمومی سیاسی صورتحال اور جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے صوبے میں روڈز کی تعمیر و بحالی پر خراج تحسین پیش کیا۔ ڈپٹی سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے بہاولپور میں برن سنٹر بنانے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ۔ ملاقات میں بہاولپور کے سول ہسپتال کے قریب چلڈرن ہسپتال کی تعمیر پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بہاولپور چلڈرن ہسپتال پراجیکٹ کا پلان طلب کر لیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی ترقی کے منصوبے میرے دل کے بے حد قریب ہیں۔جنوبی پنجاب کے عوام کو بنیادی سہولتیں دہلیز پر فراہم کر رہے ہیں۔ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔عوام دوست فیصلے مریم نواز شریف کی حکومت کا طرہ امتیاز ہیں۔دریں اثناء  مریم نواز شریف نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ بلوچستان میں غیرت کے نام پر ایک بیٹی کا قتل پوری انسانیت کے ضمیر پر حملہ ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بلوچستان میں لرزہ خیز واقعے نے ہر حساس دل کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے اوریہ ظلم ناقابلِ معافی ہے۔ ریاستی قانون سے بالاتر کوئی رسم، روایت یا سوچ قابلِ قبول نہیں۔ مطالبہ ہے کہ قاتلوں کو قانون کے شکنجے میں لاکر قرار واقعی سزا دی جائے۔