سکالر شپ کا پورٹل پھر کھول دیا میرے پیارے طلبہ آپ کے خواب صوبے کے مستقبل کی دھڑکن ہیں مریم نواز

ہونہار سکالرشپ پروگرام سے 80 ہزار نوجوان ذہنوں کو پھلنے پھولنے اور اڑان کیلئے پر دیئے گئے ہیں‘مزید30 ہزار سکالر شپ دیئے جائیں گے
 طلبہ  جو حاصل کرنا چاہتے ہیں اس پر یقین کرنے سے کبھی باز نہ آئیں، طلبہ کی کامیابی ہمیشہ میرا سب سے بڑا فخر ہے:وزیراعلی کا ایکس پر بیان

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے  پنجاب کے طلبہ کے لیے ہونہار سکالر شپ کا پورٹل ایک بار پھر سے کھول دیا گیا۔سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر طلبہ کے نام  پیغام میں مریم نواز  نے کہا  میرے پیارے پنجاب کے طلبہ آپ کے خواب صوبے کے مستقبل کی دھڑکن ہیں، الحمدللہ! ہونہار سکالرشپ پروگرام سے 80 ہزار نوجوان ذہنوں کو پھلنے پھولنے اور اڑان کے لیے پر دیے گئے ہیں-   50 ہزار طلبہ پہلے ہی اپنے ہونہار سکالر شپ سے فیض یاب ہو رہے ہیں، مزید 30 ہزار ہونہار سکالر شپ دیے جائیں  گے اور اس کی تعداد مزید بڑھائی جائے گی، گزشتہ سال سے ہونہار سکالر شپ پروگرام 67 فیوچر پروف ڈسپلنز میں طلبہ کے لیے نئے دروازے کھول رہا ہے۔ صوبے میں طلبہ کو وہ صلاحیتیں اور مواقع دیے جارہے ہیں جن کے نوجوان حقدار ہیں، ہونہار سکالر شپ کے اگلے فیز کے لیے پورٹل پھر کھل چکا ہے۔ طلبہ یقین کے ساتھ ہونہار سکالرشپ کے لیے اپلائی کریں اور شوق کے ساتھ تعلیم حاصل کریں۔ طلبہ جو حاصل کرنا چاہتے ہیں اس پر یقین کرنے سے کبھی باز نہ آئیں، طلبہ کی کامیابی ہمیشہ میرا سب سے بڑا فخر ہے۔