ایڈوانس گولڈ کی درآمد پر پابندی سے سونے کے زیورات کی برآمد معطل

 ایس آر او کی معطلی کو واپس لیا جائے،چیئرمین پاکستان جیمز، جیولری ٹریڈرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کا وزیر اعظم کو خط 
  اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزارت تجارت کی جانب سے ایڈوانس گولڈ کی درآمدپرپابندی سے سونے کے زیورات کی ایکسپورٹ معطل ہوگئی۔میڈیارپورٹ کے مطابق پاکستان جیمز، جیولری ٹریڈرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عمران خان ٹیسوری نے وزیر اعظم کو ہنگامی خط لکھا ہے۔خط کے متن میں انہوں نے کہا کہ پہلے سے طے شدہ آرڈرز اور تیار جیولری کی ایکسپورٹ بھی روک دی گئی، سونے کے زیورات کی ایکسپورٹ کے آرڈرز کی تکمیل نہ ہونے سے پاکستانی ایکسپورٹرز کے انٹرنیشنل مارکیٹ میں بلیک لسٹ ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ زیورات کی ایکسپورٹ رکنے سے قانونی اور باقاعدہ زیورات کے برآمدی کاروبار کو شدید نقصان کا سامنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایس ار او کی معطلی کو واپس لیا جائے، ایکسپورٹ آرڈرز کے لیے   قانونی چینلز سے سونا درآمد کیا جاتا ہے اور صرف برآمدات کے لیے استعمال ہوتا ہے،ایس آراوکی اچانک معطلی سے برآمدی معاہدے، تیار شدہ مال اور قانونی عمل متاثر ہو رہے ہیں۔ اصلاحات کے ذریعے بدعنوانی کو روکا جائے لیکن قانونی برآمد کنندگان کو نقصان نہ پہنچایا جائے ۔