عید سے قبل ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی

عید سے قبل ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بارش متوقع ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ استور، اسکردو، ہنزہ، وادی نیلم، کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ اور گوادر میں بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔اسی طرح لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان سمیت دیگر شہروں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث سڑکیں بند ہو سکتی ہیں۔

مزید برآں چترال، سوات، دیر اور پشاور میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ 18 سے 21 مارچ کے دوران بالائی علاقوں میں یہ سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔اتھارٹی کے مطابق برفانی تودے گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے، اس لیے شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ متعلقہ اداروں کو بھی پیشگی اقدامات کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔