نجی ٹیکسٹائل فیکٹری کے دوسرے منیجر کا قتل، طریقہ واردات میں مماثلت

گزشتہ سال جنوری میں اسی طریقہ سے عمر کو گھر سے فیکٹری جاتے قتل کیا گیا
رواں سال جنوری میں رانا آفتاب کو نشانہ بنایا گیا، محرکات کا جائزہ لیا جانے لگا
لاہور (کرائم رپورٹر) چوہنگ کے علاقے میں رانا آفتاب کے قتل کے معاملے میں پولیس نے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے تفتیشی ذرائع کے مطابق اس قتل کو گزشتہ سال جنوری میں نجی ٹیکسٹائل فیکٹری کے مینجر عمر کے قتل سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر کو نامعلوم افراد نے گھر سے فیکٹری جاتے ہوئے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ عمر کے قتل کے بعد رانا آفتاب نے اسی نجی ٹیکسٹائل فیکٹری میں بطور مینجر ملازمت جوائن کی تھی۔تفتیشی ذرائع کے مطابق رانا آفتاب اور عمر کے قتل کے طریقہ واردات اور حالات میں مماثلت پائی جاتی ہے، جس کے باعث پولیس اس پہلو سے بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا دونوں قتلوں کے محرکات ایک ہی ہیں یا نہیں۔واضح رہے کہ عمر کے قتل کا مقدمہ قصور کے علاقے کوٹ رادھا کشن میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد حقائق سامنے آ جائیں گے اور اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے گا۔