ملک کے مختلف حصوں میں موسم نے کروٹ بدل لی ہے، کہیں بارش اور سردی میں اضافہ ہو رہا ہے تو کہیں برفباری نے معمولاتِ زندگی متاثر کر دیے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی بلوچستان کے بالائی علاقوں میں موسمِ سرما کی پہلی برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں بارش کا امکان ہے۔لاہور: شہر میں سردی برقرار ہے اور 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے خنکی بڑھا دی ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بارش کے 70 سے 80 فیصد امکانات موجود ہیں۔ شہر میں فضائی آلودگی بھی تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہے، مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 340 ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث لاہور آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔
کراچی: آج سے بارش کا امکان ہے، جبکہ کل سے سردی میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 سے 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد ہے، شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ساتویں نمبر پر ہے۔
اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق صبح سرد اور جزوی ابرآلود موسم رہے گا، جبکہ دوپہر کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ شام اور رات میں بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، اور آئندہ 48 گھنٹوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
شمالی بلوچستان: چمن سمیت بالائی علاقوں میں گزشتہ شب تیز ہواؤں اور بارش کے بعد موسمِ سرما کی پہلی برفباری ہوئی، جہاں چار انچ تک برف پڑ چکی ہے۔ برفباری کے باعث مختلف قومی شاہراہیں بند ہو گئی ہیں، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید پیشگوئی کی ہے کہ آج بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، جبکہ اسلام آباد، پنجاب اور سندھ میں بھی وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔