ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں، بارش اور برفباری کی پیشگوئی

ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں، بارش اور برفباری کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے، جس سے بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی نمایاں بارشوں کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق آج شام سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشیں متوقع ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں لاہور اور گردونواح میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس سے فضائی آلودگی میں وقتی کمی آنے کا امکان ہے۔ محکمہ کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 اور کم سے کم 17 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، ہوا 17 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے اور نمی کا تناسب 73 فیصد ہے۔کراچی، جو دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پانچویں نمبر پر ہے، میں آج بھی دن کے وقت موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں ہلکی خنکی محسوس کی جا رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں درجہ حرارت میں معمولی کمی متوقع ہے۔ شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، موجودہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد ہے اور شمال کی سمت سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ اس دوران بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ ملک کے دیگر وسطی و جنوبی علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، اور ژالہ باری و گرج چمک کے باعث کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ اسلام آباد اور گرد و نواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جن میں راولپنڈی، اٹک، جہلم، منگلا، چکوال، تلہ گنگ، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، وزیرآباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، نارووال، قصور اور شیخو پورہ شامل ہیں۔

چترال، دیر، سوات، کوہستان، مالم جبہ، کالام، ایبٹ آباد، پشاور، مانسہرہ، ہری پور، بٹگرام، صوابی، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو، کرک، باجوڑ، خیبر، اورکزئی اور کرم میں بارش کی توقع ہے، جبکہ وزیرستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے زیادہ تر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے، اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔ آزاد کشمیر میں بھی تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔