ریاست اندھی گونگی بہری ، ہاتھ میں تلوار ، سب کو اڑا دینا چاہتی ہے، سلمان راجہ

 کوئی ڈیڈلاک شاک نہیں  ، اگرہم نے اب سر جھکا دیا تو ہمیشہ ایسا ہوتا رہے گا
جب کوئی قوم شرافت کے ساتھ حق پر کھڑی ہو جائے تو کوئی ظالم جابر کھڑا نہیں ہوسکتا
اسلام آباد (آئی این پی ) پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم را جہ نے کہا  ہے کہ کوئی ڈیڈلاک شاک نہیں ہے، یہ قوم ہمیں مسئلوں سے نکالے گی، اگر ہم نے اب سر جھکا دیا تو ہمیشہ ایسا ہوتا رہے گا، یہ قوم ہمیں فتح دلائے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کی بات ہم نے آج کرنی ہے اور آج کے نوجوان کو جواب آج ہم نے دینا ہے، آگے بڑھنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ مانا جائے آج کا نظام غلط ہے، اگر یہ کہتے ہیں 2018 کے انتخابات پر بات ہو گی تو 1990 میں کیا ہوا تھا، میں نے تو اصغر خان کیس لڑا ہوا ہے، اس لیے نہ ہم 8 فروری 2024 کو بھولیں گے اور نہ ہی ہم مٹی ڈالنے دیں گے، انہیں ہر صورت مداوا کرنا ہوگا۔سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ہم کوئی پر تشدد جتھہ نہیں ہیں، ہم حملہ آور نہیں ہیں، تحریکیں ایسے ہی آگے بڑھتی ہیں، ہم کوشش جاری رکھیں گے، انہوں نے 1951 پھر 1954 کے انتخابات میں بے مثال دھاندلی کرکے اس جرم کا آغاز کیا تھا، اگر تب کہا ہوتا کہ ہم مٹی نہیں ڈالیں گے تو 8 فروری کو ایسا نہ ہوتا، تاریخ گواہ ہے جب کوئی قوم شرافت کے ساتھ حق پر کھڑی ہو جائے تو کوئی ظالم جابر سامنے کھڑا نہیں ہوسکتا