دہشتگردی ہو یا معیشت یاملکی سالمیت ملکر ساتھ چلنا ہو گا:سابق سینیٹر
ہمارا مقصد یہی ہے ملک کی محرومیاں ختم کی جائیں:عمرایوب ،میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(بیورو رپورٹ)پیپلزپارٹی کے سابق سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے پی ٹی آئی سمیت اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کا حصہ بننے کا اعلان کردیا۔اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب سمیت تحریک تحفظ آئین کی قیادت کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا ہماری لمبی نشست رہی، وطن عزیز کو جن بحرانوں کا سامنا ہے، ان پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔ دہشتگردی ہو یا معیشت یاملکی سالمیت ملکر ساتھ چلنا ہو گا، بحرانوں کی قیمت عوام ادا کر رہے ہیں، پچھلے سال ڈیڑھ کروڑ سے زائد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں۔ ان حالات میں ملک کو سیاسی بحران سے بچانے کی ضرورت ہے، سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہیں، ایجنڈا بنا کر جدوجہد کا آغاز کرینگے۔پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی ضروری ہے، تمام اپوزیشن جماعتیں ایک پیج پر آجائیں،جنہیں مینڈیٹ ملا انہیں حکومت بنانے دیں، پھر عوام کو فیصلہ کرنے دیں حکومت کتنی کامیاب ہوئی۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا کہ ہمارا ایک ہی مشن ہے کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ہو، ہم سب اپوزیشن جماعتوں کے پاس جارہے ہیں۔ مقصد ہمارا یہی ہے کہ پاکستان کی محرومیاں ختم کی جائیں، ملک کے مختلف حصوں میں افراتفری ہے، اس کو سب نے مل کر حل کرنا ہے۔