سائبر کرائم کے حوالے سے قوانین کو مزید سخت بنارہے ہیں: ایڈیشنل ڈائریکٹر

مریم نوازاور صدر یواے ای کی جعلی تصاویر شیئر کرنے پر 2خواتین سمیت مزید 10ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرلیا
جن افرادنے ان تصاویرپر کمنٹس کیے وہ بھی ملزم ہیں، ان ملزمان کو پانچ سے سات سال تک سزا ہوگی،سرفراز چودھری
  لاہور(آئی این پی )ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم محمد سرفراز چودھری نے کہا ہے کہ مریم نواز، صدر یواے ای کی جعلی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنیوالے والے 10مزید ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرلیے گئے جن میں 2خواتین بھی شامل ہیں۔ایف آئی اے سائبر کرائم لاہور کے ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد سرفراز چوہدری اور ڈپٹی ڈائریکٹرز زوار احمد نے پریس کانفرنس کی۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نوازاور یواے ای کے صدر کی اے آئی جنریٹڈ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنیوالے والے عناصر کیخلاف اب تک18مقدمات درج ہوچکے ہیں، ان میں وہ ملزمان شامل ہیں جنہوں نے یہ تصاویر بنائی اور شیئر کیں۔انہوں نے بتایا کہ جن افرادنے ان پر کمنٹس کیے وہ بھی ایف آئی اے کے ملزم ہیں، ان ملزمان کو پانچ سے سات سال تک سزا ہوگی، اس حوالے سے ملزمان کی 4 کیٹگریز بنائی گئی ہیں، تصاویر بنانے والے،شیئر کرنیوالے، لائک اور کمنٹ کرنیوالو ں کو بھی پکڑا جائے گا، سائبر کرائم کے حوالے سے قوانین کو مزید سخت بنارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ پاکستان کیخلاف ملک سے باہر بیٹھ کر شر پسندی کر رہے ہیں، انہیں پاکستان لائیں گے، شہباز گل اور عادل راجا جیسے ملزمان کو پاکستان لانے  کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔