ہم دوسرے براعظموں کی صنعت، دولت اور ملازمتوں کو سبسڈی دینے کے لیے اپنے دفاع پر زیادہ خرچ نہیں کر سکتے
پیرس(آئی این پی )فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے خبردار کیا ہے کہ یورپ کے فوجی بجٹ پر خرچ کیے جانے والے ٹیکس دہندگان کے اربوں یورو صرف امریکی ہتھیاروں کی خریداری کے لیے استعمال نہیں ہونے چاہئیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی حلف برداری سے چند منٹ قبل خطاب کرتے ہوئے شکایت کی تھی کہ یورپی شہری اپنے دفاع کے لیے مناسب رقم ادا نہیں کرتے۔ایمانوئل میکرون نے کہا کہ براعظم یورپ کو زیادہ خرچ کرنا چاہیے، تاہم انہوں نے نئے سال کے موقع پر فوج کے اعلیٰ حکام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم یورپ کے قرضے نہیں بڑھاسکتے، دوسرے براعظموں کی صنعت، دولت اور ملازمتوں کو سبسڈی دینے کے لیے اپنے دفاع پر زیادہ خرچ نہیں کر سکتے۔جب ہم کہتے ہیں کہ آئیے اپنی افواج کے لیے زیادہ خرچ کریں تو بہت سے ممالک میں اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ زیادہ سے زیادہ امریکی سازوسامان خریدیں۔