قرآن وسنت کی تعلیمات قیامت تک انسانیت کیلئے رہنمائی کاذریعہ ہیں :چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل
لاہور(خصوصی رپورٹر)چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاکہ مدارس کو بھی سکالرشپ ولیپ ٹاپ سکیم میں شامل کیاجائے۔حکومت اور عوام مدارس کے نظام کو مزید مستحکم بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ موجودہ دور میں دینی تعلیم کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ ہم اپنی اسلامی روایات اور تہذیب کو محفوظ رکھ سکیں۔قرآن وسنت کی تعلیمات قیامت تک انسانیت کیلئے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔دہشت گردی کے بڑھتے واقعات تشویشناک ہیں ،خوارج کاقلع قمع کرنے کیلئے تمام وسائل کوبروئے کارلایاجائے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز جامعہ نعیمیہ کے سالانہ جلسہ دستارفضلیت وتقسیم اسناد کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیاانہوں نے مزید کہاکہ رواں سال جامعہ نعیمیہ سے67عالم،10مفتی ،47قراء اور50حفاظ کرام نے سند فراغت حاصل کی ہے جبکہ70سے زائد طلبہ کرام کومیڈلز سے نواز اگیا۔جامعہ نعیمیہ گزشتہ 7دہائیوں سے دین اسلام کی ترویج واشاعت اورتعلیم کے فروغ کیلئے مصروف عمل ہیں۔مدارس اسلام کے قلعے اور روحانی تربیت کے مراکز ہیں، جہاں سے علم، اخلاص اور قربانی کی روشنی پھیلتی ہے۔ علماء کرام اپنی تعلیمات کے ذریعے معاشرتی برائیوں کے خاتمے اور نوجوان نسل کی کردار سازی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔