نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی ریاست کیرالہ میں ایک شخص نے اپنے پڑوسی کے مرغے کے خلاف شکایت درج کروا دی، جس کے بعد حکام نے کارروائی کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ ریونیو ڈویڑنل آفس نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے مرغے کو مسئلے کی جڑ قرار دیا اور اس پر باضابطہ تحقیقات شروع کر دیں۔پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق حکام نے مرغے کے مالک کو ہدایت دی کہ وہ 14 دن کے اندر اندر اس کا بندوبست کرے اور اسے کسی دوسری جگہ منتقل کر دے، تاکہ شکایت کنندہ کو درپیش پریشانی ختم ہو سکے۔ شکایت کنندہ کی جانب سے شکایت میں کہا گیا تھا کہ مرغا بہت زیادہ شور مچاتا ہے۔ صبح کے وقت یہ انتہائی بلند آواز میں بانگ دیتا ہے جس کی وجہ سے پورے محلے کی نیند خراب ہوجاتی ہے۔ انہوں نے مرغے کے مالک سے کئی بار بات کی ہے لیکن وہ اس بارے میں کچھ بھی نہیں کر رہا۔