فاضل صدیقی کا درخواست مقررکرنے پراصرار،جسٹس مرزاوقاص نے مستردکردی
راولپنڈی (خصوصی رپورٹ)ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس مرزا وقاص رو?ف نے عدالت میں ناروا رویہ پر سینئر وکیل فاضل صدیقی ایڈووکیٹ کوایک ماہ قید کی سزا سنا دی جنہیں پولیس نے حراست میں لے لیا تاہم ہائی کورٹ راولپنڈی بار اور پاکستان بار کونسل کی مداخلت پر عدالت نے سزا کے احکامات منسوخ کر دئیے، فاضل صدیقی ایڈووکیٹ
نے شہری عثمان کی جانب سے راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے خلاف درخواست دائر کی تھی جس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ٹیکسلا اور سول جج کو بھی فریق بنایا گیا تھا،دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دئیے کہ قانون کے مطابق یہ درخواست نہیں بنتی،وکیل فاضل صدیقی نے درخواست سماعت کیلئے مقرر کرنے پر اصرار کیا لیکن عدالت نے ٹیکنیکل وجوہات پر درخواست مسترد کردی جس پر فاضل صدیقی ایڈووکیٹ اور جسٹس مرزا وقاص رو?ف کے مابین تلخی ہوگئی، عدالت نے فاضل صدیقی کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دے کرایک ماہ کی قیدسنادی اور گرفتاری کا حکم دے دیا، جس پروکلا نے شدید ردعمل دیا لیکن پولیس نے فاضل صدیقی کو تحویل میں لے کر کنٹرول روم منتقل کردیا، واقعہ کی اطلاع پر راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار اور ہائی کورٹ بار نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا تاہم پاکستان بار کونسل کے حسن رضاپاشا اور ہائی کورٹ بار راولپنڈی کے صدر ملک جواد خالد کی درخواست پر عدالت نے توہین عدالت کے احکامات منسوخ کردئیے، ہائی کورٹ بار کے سیکرٹری شبیر مرزا کے مطابق عدالتی احکامات کی منسوخی پر فاضل صدیقی ایڈووکیٹ کو رہا کردیا گیا جبکہ سزا کے احکامات بھی واپس ہوگئے۔