چیمپینز ٹرافی: آج لاہور میں بڑا مقابلہ،سکیورٹی ہائی الرٹ

 12 ایس پیز،37 ڈی ایس پیز، 86 انسپکٹرزسمیت 12 ہزار اہلکار ڈیوٹی دینگے
لاہور(کرائم رپورٹر)پولیس نے شہر لاہور میں 28 سال بعد عالمی کرکٹ کی رونقیں بحالی کیلئے حفاظتی انتظامات مکمل کر لیئے۔ چیمپینز ٹرافی کے لاہور میں منعقدہ پہلے میچ کے لیے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بتایا کہ کرکٹ ٹیموں اور شائقین کے لیے 4 درجاتی حصار پر مشتمل فول پروف سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ سکیورٹی پلان کے مطابق 12 ایس پیز،37 ڈی ایس پیز، 86 انسپکٹرزسمیت 12 ہزارسے زائد پولیس جوان ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ خواتین کی سکیورٹی و چیکنگ کیلئے 245 لیڈی اہلکاربھی ڈیوٹی پر مامور کی گئیں ہیں۔ فیصل کامران سنے کہا کہ کرکٹ کھلاڑیوں کے ایئر پورٹ سے ہوٹل اور سٹیڈیم تک روٹ ہائی الرٹ رہیں گے۔تمام روٹس کی سیف سٹی کیمروں اور سول وردی میں ملبوس اہلکار مسلسل نگرانی کریں گے۔ روٹ میں آنے والی تمام بلند عمارتوں پر سنائپرز بھی تعینات کئے جائیں گے۔ایلیٹ فورس کی33 جبکہ ڈولفن اور پیرو کی 71 ٹیمیں بھی پٹرولنگ کریں گئیں۔فیصل کامران نے کہا کہ چیمپینز ٹرافی کے حوالے سے شہر بھر میں حفاظتی سرچ اینڈ سویپ آپریشن بھی کئے جا رہے ہیں۔ رواں سال 2818سرچ آپریشن اور 1793مشکوک افراد کی مکمل چھان بین کی گئی جبکہ 1 لاکھ سے زائد گھروں میں مقیم 3لاکھ 50ہزار کرایہ داروں کی چیکنگ بھی کی گئی۔علاوہ ازیں ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کرکٹ ٹیموں کے پریکٹس سیشن کے موقع پر قذافی اسٹیڈیم اور اطراف میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ایس ایس پی آپریشنز تصور اقبال، ایس پی ماڈل ٹاؤن ودیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔ فیصل کامران کا اس موقع پر کہنا تھا کہ چیمپیئنز ٹرافی کا پْر امن انعقاد اولین ترجیح ہے۔ سکیورٹی پلان و ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد کروایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ شہری ایونٹ کو کامیاب بنانے میں پولیس اور سکورٹی اداروں سے تعاون کریں۔سفری مشکل سے بچنے کیلئے دیے گئے ٹریفک پلان کے مطابق سفر کریں۔