آئی سی سی چیمپینز ٹرافی: سکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے گئے

کرکٹ بورڈ، ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی ایجنسیز سمیت تمام اداروں سے کوآرڈینیشن مکمل ہے،آئی جی 
لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر آئی سی سی چیمپینز ٹرافی کے انعقاد کے موقع پر پنجاب پولیس نے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں، آفیشلز شائقین کرکٹ کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور پرامن اور محفوظ ماحول میں میچز کا انعقاد یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ، ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی ایجنسیز سمیت تمام اداروں سے کوآرڈینیشن مکمل ہے۔ کھلاڑیوں کی رہائش گاہ، روٹس، سٹیڈیمز کے اطراف میں سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں۔ انہوں نے افسران و اہلکاروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ میچز کے دوران سکیورٹی ہائی الرٹ اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جائے جبکہ سیف سٹیز اتھارٹی کیمروں کی مدد سے سٹیڈیمز، ہوٹلز اور ٹیموں کے روٹ کی مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔