مقامی کمپنی ایک سال تک مفت پینٹ کی مرمت و بحالی اور بہتر کرنے کی پابند
لاہور( کرائم رپورٹر) بائیکر لین کے پائلٹ پراجیکٹ کے کچھ حصے سے پینٹ اترنے کے معاملے پرڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ ٹیکنیکل کمیٹی میں ایل ڈی اے، ٹیپا اور نیسپاک کے افسران شامل ہیں۔ٹیکنیکل کمیٹی نے گزشتہ روز بائیکر لین کا دورہ کیا۔ بائیکر لین سے یومیہ تقریباً 65 ہزار افراد مستفید ہو رہے ہیں، فیروز پور روڈ پر حادثات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ترجمان ایل ڈی اے نے سوشل میڈیا پر پینٹ پر کروڑوں روپے لگنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پائلٹ پراجیکٹ پر کنٹریکٹر کمپنی نے مقامی مینوفیکچرڈ پینٹ استعمال کیا،جس کی ایک سال کی مینٹی ننس گارنٹی ہے۔ مقامی کمپنی ایک سال تک مفت پینٹ کی مرمت و بحالی اور بہتر کرنے کی پابند ہے۔ترجمان ایل ڈی اے نے مزید کہا کہ بائیکر لین کے پائلٹ پراجیکٹ کو ٹیسٹ رن کے طور پر کم قیمت پر بنانے کے لیے مقامی کمپنی کا مینوفیکچرڈ پینٹ استعمال کیا گیا۔ڈی جی ایل ڈی اے کی ہدایت پر کنٹریکٹر کمپنی کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔